- امریکا کی پرنسپل نائب معاون وزیر خارجہ ایلزبتھ ہورسٹ نے پاک امریکا تعلقات میں مزید بہتری کی خواہش ظاہر کردی انہوں نے کہا پاکستان اور امریکا کے تعلقات گزشتہ برسوں کی نسبت آج سب سے بہترین مقام پر ہیں، ان بہترین تعلقات کا تمام تر سہرا امریکا میں پاکستان کے سفیر سردار مسعود خان کو جاتا ہے۔
- امریکا میں پاکستان کے سفیر سردار مسعود خان کے اعزاز میں دیے گئے الوداعی عشائیہ کے موقع پر امریکا کی پرنسپل نائب معاون وزیر خارجہ ایلزبتھ ہورسٹ نے کہا کہ امریکا کے دفتر خارجہ کی جانب سے یہ پیغام دینا چاہتی ہوں کہ پاکستان اور امریکا میں بہتر تعلقات کا ایک بڑا کریڈٹ سفیر مسعود خان کو جاتا ہے جن کے دور سفارت کے دوران انہوں نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اسلام آباد اور واشنگٹن کے درمیان بہترین تعلقات استوار کیے۔
- الزبتھ ہورسٹ نے مزید کہا کہ مسعود خان کے دور سفارت کاری کے دوران ہم نے تعلقات کی نئی راہیں تلاش کی ہیں، دونوں ممالک نے صحت، توانائی اور موسمیاتی تبدیلیوں جیسے اہم معاملات پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کیا ہے، یہ وہ چیزیں تھیں جن کے بارے میں ہم نے طویل عرصے سے بات نہیں کی تھی۔
- انہوں نے سردار مسعود خان کی سفارت کاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات میں مزید بہتری اس لیے آئی کہ مسعود خان پاکستانی عوام اور پاکستانی حکومت جانب سے غیر معمولی نمائندے رہے ہیں۔ آپ دیانتدار انسان رہے ہیں، آپ امریکا میں تخلیقی صلاحیتیں اور مہمان نوازی لے کر آئے۔
- الزبتھ ہورسٹ نے مسعود خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے مزید کہا کہ ’ مجھے لگتا ہے کہ مسعود خان نے یہاں جو 2 سال گزارے ہیں اس سے ہم سب کو اس کا بہت فائدہ ہوگا۔ میں ذاتی طور پر اور دفتر خارجہ کی جانب سے آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔
- تقریب کا انعقاد امریکا میں پاکستانی سفارت خانے میں دفتر خارجہ کی جانب سے سفیر مسعود خان کی بہترین سفارت کاری کے اعتراف میں کیا گیا تھا، جس میں مسعود خان کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا، تقریب میں امریکی محکمہ خارجہ اور محکمہ دفاع کے حکام نے شرکت کی ۔
- امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے اعلیٰ امریکی عہدیدار نے اعتراف کیا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ تعلقات میں بعض اوقات کچھ معاملات پر بگاڑ بھی پیدا ہو جاتا ہے لیکن گزشتہ 2 سالوں کے دوران سردار مسعود خان کی وجہ سے ہم اعتراف کرتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان انتہائی خوشگوار تعلقات استوار رہے۔
- فروری 2022 سے امریکا میں پاکستان کے اعلیٰ نمائندے کی حیثیت سے 2 سال خدمات انجام دینے کے بعد مسعود خان اگلے ہفتے پیر کے روز اپنے سب سے اہم سفارتی عہدوں میں سے ایک کو چھوڑ دیں گے۔
- تجربہ کار سفارتکار کو نومبر 2021 میں اس وقت کے وزیر اعظم عمران خان نے اس عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔ ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (مشرق وسطیٰ اور ایس آئی ایف سی) سفیر رضوان سعید شیخ کو پاکستان کی طرف سے اب امریکا میں سفیر مقرر کیا گیا ہے۔